New, Insurance, Public, Government, Daily, Property, Rents

33 روز بندش کے بعد پاک افغان سرحد کھول دی گئی

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح پاک افغان سرحد کو طورخم اور چمن کے مقامات پر تمام قسم کی آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
نامہ نگار عزیز اللہ خان نے بتایا کہ طورخم اور چمن کے مقامات پر بارڈر کھول دیا گیا ہے اور عام شہریوں کو معمولی چیکنگ کے بعد سرحد عبور کرنے دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ملک میں شدت پسندی کی تازہ لہر میں 100 سے زیادہ ہلاکتوں کے بعد 16 فروری کو سیکیورٹی خدشات کے باعث سرحد کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان کا دعویٰ ہے کہ ملک میں حالیہ دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرنے والے شدت پسند افغانستان میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔
یہ سرحد خیبر ایجنسی میں طورخم کے مقام پر، جنوبی وزیرستان میں انگور اڈا، اور بلوچستان میں چمن کے مقام پر بند کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ گذشتہ شب پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے سرحد کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ پاکستان میں شدت پسندی کے حالیہ واقعات کی پشت پناہی افغانستان میں موجود پاکستان مخالف عناصر کی جانب سے گئی تاہم سرحد کھولنے کا یہ فیصلہ جذبۂ خیرسگالی کے طور پر کیا جا رہا ہے۔
سرحد کی اچانک بندش کی وجہ سے دونوں جانب ہزاروں افراد پھنس گئِے تھے اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر سرحد کھولنے کے مطالبات سامنے آئے تھے۔
ایک اندازے کے مطابق سرحد کی بندش کی وجہ سے سرحد کی دونوں جانب تازہ میووں اور سبزی سمیت دیگر اشیا سے بھرے تقریباً پانچ ہزار کنٹینرز سرحد پار کرنے کے منتظر ہیں۔
پانچ مارچ کو پاکستان میں افغان سفیر عمر زخیلوال نے کہا تھا کہ سرحد کی بندش کی وجہ سے 25 ہزار افغان باشندے پاکستان میں پھنسے ہوئے ہیں اور اگر آئندہ چند روز میں سرحد نہ کھولی گئی تو وہ اپنی حکومت کو تجویز دیں گے کہ ان شہریوں کو فضائی راستے سے وطن واپس لے جایا جائے۔
تاہم ان کے اس بیان کے بعد پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے دو دن کے لیے سرحد کھولنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا وہ افغان شہری جو ویزا حاصل کرنے کے بعد پاکستان میں داخل ہوئے تھے اور اب واپس جانا چاہتے ہیں ان کی سہولت کے لیے سات اور آٹھ مارچ کو طورخم اور چمن کے مقامات پر سرحدی راستہ کھول دیا جائے گا۔
وزارت خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سرحدی راستے ان پاکستانی شہریوں کے لیے بھی دو دن کھلے رہیں گے جو افغانستان کا ویزا حاصل کرنے کے بعد وہاں گئے اور اب واپس پاکستان آنا چاہتے ہیں۔


loading...