New, Insurance, Public, Government, Daily, Property, Rents

ٹی وی دیکھتے ہوئے رات کا کھانا، موٹاپے کو کھلی دعوت

کولمبس، اوہایو: ایک سروے کے بعد ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ اگر آپ رات کا کھانا ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر کھاتے ہیں تو اس سے موٹاپے کا خدشہ 40 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔
کولمبس میں واقع اوہایو کالج آف میڈیسن کے حکومتی ریسورس سینٹر کی ماہر راشیل ٹیومن کے مطابق ایک سروے میں ریاست اوہایو کے 12 ہزار 800 سے زائد افراد سے سوالنامہ بھروایا گیا جس میں گھر یا باہر کا کھانے اور کھاتے وقت ٹی وی دیکھنے کی عادت کے بارے میں پوچھا گیا۔ اس کےعلاوہ ہر فرد کا باڈی ماس انڈیکس (بی آیم آئی) بھی ناپا گیا جس میں سے 30 یا اس سے زائد بی ایم آئی کو موٹاپا جب کہ اس سے کم کو نارمل تصور کیا گیا۔
اوہایو کالج آف میڈیسن کے ماہرین کے مطابق باہر کی مرغن غذاؤں کی بجائے اگر گھریلو کھانوں کو ترجیح دی جائے تو اس سے بھی وزن بڑھنے کا امکان 26 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ ماہرین نے ٹی وی دیکھتے وقت کھانے سے موٹاپے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی وی دیکھتے وقت لوگ بے خیالی میں ضرورت سے زیادہ کھاتے ہیں جس کا اثر وزن میں اضافے کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔
ماہرین نے عوام کو موٹاپے سے بچنے کے لئے مشورہ دیا ہے کہ باہر کے مہنگے ریستوران کے کھانوں سے پرہیز کیا جائے کیونکہ وہ کیلوریز سے بھرپور ہوتے ہیں اور آپ کو فربہی کی جانب لے جا سکتے ہیں۔

سروے کے مطابق 36 فیصد افراد نے کہا کہ وہ اپنے گھر میں اہلِ خانہ کے ساتھ کھاتے ہوئے ٹی وی دیکھتے ہیں جب کہ ایک تہائی افراد نے کہا کہ وہ ٹی وی کے بغیر شام کا کھانا کھاتے ہیں، 62 فیصد افراد نے کہا کہ وہ گھر کا پکاہوا کھانا کھاتے ہیں۔ تحقیقی ٹیم نے انکشاف کیا کہ جن افراد نے گھر پر کھانا کھایا لیکن ٹی وی نہیں دیکھا تو ان میں موٹاپے کا خدشہ 37 فیصد تک کم پایا گیا۔
اس رپورٹ کے بعد ماہرین نے یہ بھی کہا ہے کہ ٹی وی دیکھتے ہوئے بعض نفسیاتی اثرات مرتب ہوتے ہیں جو کسی طرح جسمانی استحالے (میٹابولزم) پر اثر ڈالتے ہیں۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ کھانا کھاتے وقت ٹی وی بند کر دیں تو یہ بہت بہتر ہو گا۔ اس کے علاوہ ماہرین نے زور دیا ہے کہ ہر صورت میں گھر کے کھانے کو ترجیح دی جائے


loading...