New, Insurance, Public, Government, Daily, Property, Rents

خاموشی تیرے لئے بہتر ہے

حضرت شیخ سعدی رحمتہ اللہ علیہ بیان کرتے ہیں کہ مصرایک بستی میں ایک گوڈری پوش فقیر رہتا تھا اور وہ کسی سے کوئی بات نہ کرتا تھا۔ اس کی یہ خاموشی دیگر لوگوں کے لئے اس کی بزرگی کی دلیل بن گئی تھی اور لوگ اسے اللہ عزوجل کانیک بندہ جان کرہر وقت پروانوں کی طرح اس کے گرد منڈلاتے رہتے تھے ۔
اس شخص کی شامت اعمال دیکھئے کہ ایک دن اس کے دل میں خیال آیا کہ یہ جو اتنی مخلوق میرے گرد جمع ہوتی ہے یہ سب میرے صاحب کمال ہونے کی وجہ سے ہے اور مجھے چاہئے کہ میں ان سب پراپنے کمال ظاہر کروں اگر میں اسی طرح خاموش رہا تو یہ لوگ کیسے جان سکیں گے کہہ میں کتنا عالی مرتبت بزرگ ہوں ؟
یہ خیال آتے ہی اس شخص نے اپنی خاموش توڑدی اور آنے والے عقیدت مندوں سے گفتگوکرنا شروع کردی۔ اگر وہ واقعی میں صاحب کمال ہوتا تو اس کی حکمت ودانائی کی باتوں سے لوگوں کے دلوں میں اس کے عقیدت زیادہ ہوجاتی لیکن وہ توجاہل تھا اس لئے جب اس نے لوگوں سے الٹی سیدھی باتیں کیں تو لوگ اس سے متنفر ہونا شروع ہوگئے اور اس کے پاس آنا چھوڑ دیا اور لوگوں کی اس سے عقیدت ختم ہوگئی ۔
حضرت شیخ سعدی رحمتہ اللہ علیہ یہ واقعہ بیان کرنے کے بعد فرماتے ہیں کہ اے عقل مند! خاموشی تیرے لئے باعث عزت ہے اور یہ ایسا وصف ہے جو تیری جہالت کو چھپاتا ہے ۔ پس تجھ پرلازم ہے کہ تو بغیر ضرورت کے اور بغیرسوچے سمجھے گفتگونہ کرے کہ تیرے عیوب دوسرون پر ظاہر ہوں ۔


loading...